نیویارک: امریکا کے طبی ماہرین نے کہا ہے کہ انسان اپنی ہنسی کی مدد سے ذہنی پریشانیوں، معاشی اور سماجی مسائل سمیت دیگر بیماریوں سے نجات حاصل کرسکتا ہے۔
زندگی کی مصروفیات، آگے بڑھنے اور زیادہ پیسے کمانے کی جدوجہد میں انسان ایک دوسرے سے مقابلہ تو کرنے لگا مگر اُسے اندازہ نہیں کہ یہ عادات اُس کے جسم پر کیا اثرات مرتب کررہی ہیں۔
ایک دوسرے سے حسد، جلن اور آس پاس کے حالات پر نظر رکھنے کی وجہ سے لوگ مستقل ذہنی تناؤ سمیت دیگر بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی یونیورسٹی میں ایک تحقیق کا انعقاد کیا گیا جس کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ ہنسنے اور مسکرانے والا شخص اپنے اردگرد رہنے والوں کا بہت زیادہ خیال رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں: دفتر میں ہنسنے کے فوائد جان کر آپ حیران رہ جائیں گے
امریکی ماہرین نے لوگوں کوہنسنے کے فوائد بتاتے ہوئے لافٹر تھراپی (ہنسی کے ذریعے) کا طریقہ بھی بتایا۔ ماہرین کے مطابق انسان کو جب بھی موقع ملے اُسے ہنس لینا چاہیے کیونکہ یہ سب سے سستی اور آسانی کے ساتھ ملنے والے دوا ہے۔
امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگوں کے چہروں پر ہنسی اُن کے دماغ پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے اور وہ کچھ وقت کے لیے ہر پریشانی کو بھول جاتے ہیں۔
اسی طرح ماہرین نے لافٹر تھراپی کی اہمیت و افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر شخص کو کم از کم مہینے میں ایک بار کھل کر قہقے لگانا چاہیں کیونکہ اس عمل سے دماغ میں ڈوپومین نامی قدرتی کیمیکل پیدا ہوتا ہے جو انسان کو ڈپریشن سے نجات دلاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا آپ ہنسنے کے فوائد جانتے ہیں؟
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ لافٹر تھراپی سے انسان کے اعصاب اور قوتِ مدافعت کا نظام مضبوط ہوتا ہے اس کے علاوہ اور پھیپھڑوں میں بھی مضبوطی پیدا ہوتی ہے۔
امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ 25 سے 45 سال کے لوگوں کو مہینے میں ایک بار ضرور لافٹر تھراپی کروانی چاہیے کیونکہ اس سے بہت زیادہ ذہنی سکون ملتا ہے۔
یاد رہے کہ لافٹر تھراپی دراصل یوگا کی طرز کا علاج ہے جس کے ذریعے انسان کو ذہنی سکون فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔