اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگیا،اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈے اور دیگر اہم امور پر غور کیا جائے گا۔
تفصییلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، اجلاس کی صدارت وزیراعظم عمران خان کررہے ہیں ، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنائے جانے کا معاملہ پھر ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے، کابینہ اپنے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پرعملدرآمد کا جائزہ لے گی۔
اس کے علاوہ وفاقی کابینہ گزشتہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، اجلاس میں گیس کی صنعتوں کو سپلائی کا معاملہ کابینہ اجلاس میں زیرغور آئے گا، وزیر امور کشمیراور وزیر قانون اس معاملے پر بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اکنامک افیئرز ڈویژن سے متعلقہ ڈویژنوں میں معاملات کی منتقلی کا بھی جائزہ لیا جائے گا،کراچی پورٹ ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹی کی تشکیل نو کی منظوری بھی دی جائے گی۔
کابینہ گزشتہ اجلاس میں کیے گئےفیصلوں کی عملداری کاجائزہ لے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اکادمی ادبیات کے ڈپٹی سیکریٹری کی مدت ملازمت میں توسیع کامعاملہ ایجنڈے میں شامل ہے اور نجی فضائی کمپنی کے لائسنس میں توسیع کا معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ گزشتہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، ذرائع کے مطابق چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی کی تعیناتی، پاکستان اورکینیڈا کی انسداد منشیات فورس کے درمیان معاہدے کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔
اس کے علاوہ لااینڈجسٹس کمیشن کے ممبران کی منظوری اور عالمی انسداد کرپشن دن پر50روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔