ابو ظہبی : نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز ڈکلیئر کرکے پاکستان ٹیم کو280رنز کا ہدف دے دیا، تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر ہے، محمد حفیظ اپنا آخری ٹیسٹ میچ یادگار نہ بنا سکے۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی میں کھیلے جارہے پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ کے تیسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز کا کھیل جاری ہے، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے دو سو اسی رنز کا ہدف دیا ہے۔
کیویز نے دوسری اننگز تین سو تریپن رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلئیر کردی تھی۔ کھیل کے آخری دن پاکستان ٹیم کو سیریز بچانے کا چیلنج درپیش ہے، اناسی اوورز میں پاکستان کو دو سو اسی رنز بنانے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاکستان کے اوپنر محمد حفیظ اور اظہرعلی آؤٹ ہوکر پویلین واپس چلے گئے ہیں، محمد حفیظ نیوزی لینڈ کے خلاف کیرئیر کا آخری ٹیسٹ میچ یادگار نہ بنا سکے، دوسری اننگز میں صرف 8رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
محمد حفیظ نے دوہزار تین میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر پچپن ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ حفیظ نے طویل فارمیٹ میں دس سنچریاں اور بارہ نصف سنچریاں اسکور کیں۔