اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان آج ایک بجے کراچی پہنچیں گے، وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ ان کا دوسرا دورۂ کراچی ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان آج ایک بجے کراچی پہنچیں گے، وہ گورنر ہاؤس میں نہایت مصروف دن گزاریں گے، اور مختلف وفود کے ساتھ ملاقات کریں گے۔
[bs-quote quote=”وزیرِ اعظم گورنر سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
وزیرِ اعظم دورۂ کراچی کے موقع پر بزنس کمیونٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے جب کہ پی ٹی آئی کے ارکانِ اسمبلی اور دیگر وفود سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
کراچی کے اہم ترین معاملات پر مشاورت کے لیے ایک اہم اجلاس کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جس میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں، کاروباری طبقے اور شہریوں کے مسائل پر تبادلۂ خیال ہوگا۔
خیال رہے کہ وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان کا یہ دوسرا دورۂ کراچی ہوگا، جس میں وزیرِ اعظم گورنر سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاق نے کراچی میں تجاوزات آپریشن رکوانے کے لئے نظرثانی اپیل دے دی
دریں اثنا وزیرِ اعظم عمران خان کو ترقیاتی کاموں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن پر خصوصی بریفنگ دی جائے گی، گورنر سندھ سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی بھی ملاقات متوقع ہے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم بننے کے بعد عمران خان نے کراچی کا اپنا پہلا ایک روزہ دورہ 16 ستمبر کو کیا تھا، انھوں نے دورے کا آغاز مزارِ قائد پر حاضری سے کیا، انھوں نے مزارِ قائد پر فاتحہ خوانی کی اور گل دستہ بھی رکھا جب کہ انھوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلم بند کیے تھے۔