اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ ہر وزارت کو مزید ٹارگٹ دیے جائیں گے، ہم پر ذمہ داری ہے کہ موجودہ حالات کو ٹھیک کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے نہایت مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، آج ملک تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔
[bs-quote quote=”ہم عوام کے حالات بدلنے کی نیت پر دل سے یقین رکھتے ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”عمران خان” author_job=”وزیرِ اعظم پاکستان”][/bs-quote]
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کے برعکس بہت سے شعبوں میں پیچھے رہ گیا، ان حالات میں کچھ نہ کرنا یا روٹین کے مطابق کارروائی آپشن نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں غریب کی حالت زار کی بہتری کی بات اکثر ہوتی رہی ہے لیکن سابقہ اور موجودہ حکومت میں واضح فرق ہے، ہم نے ملک اور عوام کی حالت کی بہتری کی بات محض ووٹ کے لیے نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم عوام کے حالات بدلنے کی نیت پر دل سے یقین رکھتے ہیں، کینسر اسپتال اور نمل یونی ورسٹی کے قیام کی مثالیں سامنے ہیں، نیت ٹھیک، ارادے مضبوط ہوں تو کوئی چیز نا ممکن نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزرا کو ہٹانے کی خبریں دے کر انتشار پھیلایا جاتا ہے: وزیرِ اعظم عمران خان
ان کا کہنا تھا کہ 40 فی صد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، وزارتوں کی کارکردگی کا ہر 3 ماہ بعد با قاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا، ہر وزارت کو مزید ٹارگٹ دیے جائیں گے، 100 دن کے اہداف کا حصول لائحۂ عمل کے ذریعے یقینی بنایا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 9 گھنٹے تک جاری رہا جس کی طوالت ایک ریکارڈ ہے، انھوں نے 9 گھنٹے طویل اجلاس میں 26 وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔