کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے بہت واضح احکامات آگئے ہیں، تجاوزات کرنے والوں کو کوئی متبادل جگہ فراہم نہیں کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ وہ جماعتیں کہاں ہیں جو شور مچارہی ہوتی ہیں، کوئی بھی جماعت شہر کی خیر خواہ ہوتی تو کراچی میں تجاوزات نہ ہوتے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ میئر اپنا سیاسی کیریئر داؤ پر لگا دیا، جس کو دیکھو کراچی کو لوٹ مار کا بازار سمجھ لیا ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں تجاوزات کے بننے میں تمام سیاسی جماعتوں کا ہاتھ ہے، یہ کب تک ہوتا رہے گا ہمیں اپنا شہر ٹھیک کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات بنانے والے اپنا بندوبست کرلیں، سپریم کورٹ سے بہت واضح احکامات آگئے ہیں، تجاوزات کرنے والوں کو دوبارہ نہیں آنے دیں گے۔
وسیم اختر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر آرٹیکل 189 موجود ہے آرٹیکل پر عمل کرنا ہر ادارے کا فرض ہے، ہم نے اپنا پلان سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔ ہمارے پاس اعداد و شمار موجود ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ آپریشن کریں گے۔
میئر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ رفاہی پلاٹوں پر اگر کسی نے کچھ بنایا ہوا ہے تو وہ اسے ہٹا دے صرف کے ایم سی کے کرائے داروں کو متبادل جگہ دیں گے، تجاوزات بنانے والوں کو کوئی متبادل نہیں دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : انسداد تجاوزات آپریشن، متاثرین کو متبادل فراہم کیا جائے گا، میئر کراچی
یاد رہے کہ کچھ روز قبل اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا تھا کہ انسداد تجاوزات آپریشن سپریم کورٹ کے حکم پر جاری ہے، نالوں اور پارکس پر بنائی جانے والی مارکیٹیں ختم کی جائیں گی، جن کاکاروبارمتاثرہواہےان کومتبادل دیں گے اور ایمپریس مارکیٹ کے متاثرین کو شہاب الدین مارکیٹ میں جگہ فراہم کی جائے گی۔