منگل, اکتوبر 22, 2024
اشتہار

عوام لوٹ مار کا حساب چاہتے ہیں: فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عوام لوٹ مار کا حساب لینا چاہتے ہیں۔ کچھ لوگوں کی سوچ ہے پارلیمنٹیرین بن گئے تو انہیں کرپشن کا لائسنس مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کا عمل جو بھی ہونا چاہیئے اس میں شفافیت ضروری ہے، نیب کے موجودہ چیئرمین مسلم لیگ ن کے اپنے ہی لگائے گئے ہیں۔

اپوزیشن کے شور شرابے پر فواد چوہدری نے کہا کہ لگتا ہے اپوزیشن کی تربیت ٹھیک نہیں ہوئی، جس پر اپوزیشن نے احتجاج کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی فواد چوہدری کو جملہ واپس لینے کی ہدایت کردی۔

- Advertisement -

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق نے ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دی تھی، لاہور ہائیکورٹ سے درخواست خارج ہونے پر ان کی گرفتاری کی گئی۔ ’گزشتہ 5 سال انہوں نے کیسی حکومت کی سب جانتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ نیب میں ایک چپڑاسی بھی ہمارے دور کا لگایا ہوا نہیں ہے۔ عوام احتساب چاہتی ہے، لوٹ مار کا حساب لینا چاہتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیب کے موجودہ قانون اس وقت بنے تھے جب آپ اقتدار میں تھے، جب آپ اقتدار سے نکلے تو پھر آپ کو نیب قوانین نظر آگئے۔ نیب قانون میں کہاں خامیاں ہیں جب اقتدار میں تھے تو اس وقت دیکھتے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کی سوچ ہے پارلیمنٹیرین بن گئے تو انہیں کرپشن کا لائسنس مل جاتا ہے۔ ماضی میں اہم عہدوں پر منی لانڈرنگ میں ملوث لوگوں کو تعینات کیا گیا۔ ایس ای سی پی چیئرمین سمیت دیگر عہدے آپ کے سامنے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جو لوگ موٹر سائیکل پر گھومتے ہیں آج ان کے پاس ٹاور اور گاڑیاں ہیں۔ ’ان سے پوچھیں کہ پیسہ کہاں سے آیا تو کہتے ہیں پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہو رہا ہے، ان کو شہباز شریف یا سعد رفیق کی نہیں اپنی باری آنے کا ڈر ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات اب نہیں ہوسکتی کہ ہمارے پاس تو کرپشن کا لائسنس ہے کون پوچھ سکتا ہے، حکومت اپنا، عدالت اپنا اور ادارے اپنا کام کر رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں