کراچی: شہرِقائد کے باسی کڑاکے کی سردی سے بچنے کے لیے تیار ہوجائیں،کوئٹہ کی ٹھنڈی ہواؤں کے اثرات کراچی بھی پہنچیں گے، محکمہ موسمیات نے دو روز تک تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے کشمیر تک سردی رنگ جمانے لگی ہے، یخ بستہ ہواؤں نے ملک کے دیگر علاقوں کی طرح بلوچستان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے سبب شہرقائد میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنا شروع ہوگئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز ہوائیں چلنے کے باعث شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا، شمال مغرب سے آنے والی ہوائیں اگلے 2 روز تک چلیں گی۔
اس وقت شہر میں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ دن بھر 12 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں رات گئے ریکارڈ کیا گیا درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ دن میں درجہ حرارت 25 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ہے، دن بھر 30 فیصد تک رہے گا۔ خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل شہر قائد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا تھا۔
دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کے سبب درجہ حرارت منفی ہوچکا ہے ، کالام میں منفی 11 اور اسکردو میں درجہ حرارت منفی چار ہے۔