کراچی: شکایات درج کروانے کے لیے شہریوں کو اب نہ تھانے کی ضرورت پڑے گی اور نہ ہی پولیس سے الجھنے کا مسئلہ درپیش ہوگا، کراچی پولیس نے پولیس فار یو نامی موبائل ایپلی کیشن تیار کرلی۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم اور پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد جرائم روکنا کراچی پولیس کے لئے ایک چیلنج بن گیا ہے۔
اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے کراچی پولیس نے کرائم ریکارڈ اور شہریوں کی سہولت کیلئے ایپلی کیشن تیار کرلی، پولیس حکام نے پولیس فار یو نامی ایپلی کیشن کی ٹیسٹنگ شروع کردی ہے۔
اس ایپ میں موبائل، موٹرسائیکل، گاڑی، کیش چھیننے یا چوری سمیت دیگر کی وارداتیں رپورٹ ہوسکیں گی، ٹیسٹنگ کے دوران ایک شہری کی شکایت درج ہوتے ہی متعلقہ ایس ایس پی دفتر کو موصول ہوگئی۔
ضلعی سطح پر وکٹم سپورٹ سروس ڈیسک شکایات کو مونیٹر کرے گی، مذکورہ ڈیسک شکایت درج ہوتے ہی متاثرہ شہری سے متعلقہ پولیس کا رابطہ کرائے گی، ایپ کی ٹیسٹنگ مکمل ہوتے ہی اسے شہریوں کیلئے جاری کردیا جائے گا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایپ کے ذریعے وہ کرائم بھی ریکارڈ ہوسکیں گے جو اب تک نہیں ہو پارہے تھے، ذرائع کے مطابق شہریوں کو اب نہ تھانے کی ضرورت پڑے گی اور نہ ہی پولیس سے الجھنے کا مسئلہ درپیش ہوگا۔
ایپ میں شہری اپنے ساتھ پیش آنے والی واردات کی مکمل تفصیل درج کریں گے جس کے بعد پولیس از خود متاثرہ شہریوں سے رابطہ کرے گی۔