لاہور:جناح اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر پراسرار حالات میں مردہ پائی گئیں، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر صحت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے جناح اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر عروشہ مرزا گرلز ہاسٹل کے اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئیں ، ان کے ہاتھ پر’کینولا‘ بھی لگا ہوا تھا ، خیال کیا جارہا ہے کہ کسی غلط انجکشن کے سبب ان کی موت واقع ہوئی ۔۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزادر نے سی سی پی او کو ہدایت کی کہ جامع تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے اور واقعے سے متعلق حقائق جلد منظرعام پرلائے جائیں۔دوسری جانب وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی ڈاکٹر کی پراسرار موت کے واقعے کا نوٹس لے کر ایم ایس جناح اسپتال کو واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق تحقیقات کے بعد ہی لیڈی ڈاکٹر کی موت کا سبب معلوم ہو پائے گا، تاہم ڈاکٹر کے اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا ہے۔ لیڈی ڈاکٹر کا تعلق پنجاب کے شہر گجرات سے تھا۔
جناح اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عاصم کا کہنا ہے کہل عروشہ مرزا پوسٹ گریجوایشن کررہی تھیں، وہ ایم ایس گائنی کی اسٹوڈنٹ تھیں اور روٹیشن پر سرجیکل یونٹ ون میں کام کررہی تھیں۔