ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قومی ثقافتی میلے ’جنادریہ‘ میں انڈونیشیا کی شاخ کا افتتاح کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قومی ثقافتی میلے جنادریہ میں انڈونیشیا شاخ کا افتتاح کردیا ہے، یہ میلے سعودی شہر تبوک و الجوف کے مقامات پر جاری ہیں جس میں جمہوریہ انڈونیشیا کے اعلیٰ سطحی وفد نے بھی شرکت کی۔
شاہ سلمان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد نے جنادریہ میلے کا دورہ کیا، میلے کے لیے 6500 مربع میٹر کی جگہ مختص کی گئی ہے، میلے کے دوران مرکزی کونسل، نمائش گاہ، صحرائی گھر، پیشہ وروں کے لیے الگ الگ مقامات، ساحلی گھر، گاؤں کا مرکزی تھیٹر اور کئی دوسرے مقامات مختص کیے گئے ہیں۔
تبوک گاؤں کے لیے چار جغرافیائی، طبعی اور تاریخی عناصر ڈیزائن کیے گئے ہیں جن کے ذریعے یہ علاقہ بحر الاحمر کے ساحل پر سعودی عرب کے دیگر علاقوں کی نسبت ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔
شاہ سلمان اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد نے الجوف کے مقام پر 8400 مربع میٹر پر پھیلے ثقافتی قصبے میلے کا دورہ کیا اور وہاں جاری ثقافتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
میلے میں زیتون کے تیل، الجوف کے حلوہ جات کی نمائش کی گئی جبکہ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک تھیٹر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔