اسلام آباد: وفاقی دار الحکومت کے تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، آئس سپلائی کرنے والا ایک گروہ پکڑا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف کی جانے والی کارروائی میں ایک گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
[bs-quote quote=”گروہ میں کوئٹہ پولیس کا ایک اہل کار امجد خان اور دیگر دو ملزمان شامل ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
اے این ایف انٹیلی جنس وِنگ نے سیکٹر جی نائن میں کارروائی کی، جس میں آئس سپلائی کرنے والا گروہ گرفتار کیا گیا۔
اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ گروہ میں کوئٹہ پولیس کا ایک اہل کار امجد خان اور دیگر دو ملزمان شامل ہیں، ملزمان سے ایک کلو سے زائد آئس برآمد ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ 18 دسمبر کو وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے انکشاف کیا تھا کہ اسلام آباد کے بڑے بڑے اسکولوں کے کیفوں میں آئس ہیروئن بک رہی ہے، اور اسے کینڈی کے ریپر میں فروخت کیا جاتا ہے۔
انھوں نے کہا تھا کہ اسلام آباد کے ٹاپ اسکولوں میں ایک سروے کے مطابق 75 فی صد لڑکیاں اور 45 فی صد لڑکے کرسٹل آئس استعمال کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے بعد کراچی میں بھی لڑکیوں کے آئس نشے کی لت میں مبتلا ہونے کا انکشاف
ادھر کراچی سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’ذمہ دارکون‘‘ کی ٹیم نے اسٹنگ آپریشن کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ شہرِ قائد میں بھی کالجز اور یونی ورسٹیوں کے طلبہ میں آئس نشے کے استعمال میں تشویش ناک اضافہ ہوا ہے۔
پروگرام کے میزبان کامل عارف کے مطابق آئس کا نشہ کرنے والوں میں لڑکوں کی نسبت لڑکیوں کی تعداد کئی گنا زیادہ ہے۔