میکسیکو سٹی : مکسیکن ریاست پوائبلا کی گورنر مارتھا ایریکا اپنے شوہر سینیٹر رائفل سمیت ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی امریکی ملک میکسیکو کی وسطی ریاست پوائبلا میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ملک کا طاقتور ترین جوڑا گورنر مارتھا ایریکا النسو اور ان کے شوہر سینیٹر رائفل مورینو ہلاک ہوگئے۔
اعلیٰ حکام کاکہنا ہے کہ حادثے میں دو پائلٹ بھی ہلاک ہوئے، مکیسکن حکومت نے حادثے میں گورنر اور ان کے شوہر کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثہ پیر کے روز ریاستی دارالحکومت میں ہیلی کاپٹر کے پرواز کرنے کے کچھ دیر بعد پیش آیا۔
گورنر مارتھا ایریکا اور ان کے شوہر سینیٹر رائفل کی موت کی تصدیق میکسیکو کے نئے صدر ایڈریس مینئول نے کی تھی۔
میکسیکن صدر نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’میں دو سیاست دانوں کی موت پر افسردہ اور متاثرہ مقتول سیاست دانوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے کہ تاکہ حادثے کی وجوہات معلوم ہوسکے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے سینیٹر رائفل مورینو سنہ 2011 سے 2017 تک پوائبلا کے گورنر رہ چکے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 45 سالہ مارتھا ایریکا کا تعلق میکسیکو کی سینٹر رائٹ پین پارٹی سے تعلق تھا، جو ریاست پوئبلا کی پہلی خاتون گورنر منتخب ہوئی تھیں۔
خیال رہے کہ رواں برس میکسیکو میں ایک وزیر کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث عوام مقام پر گرا تھا جس کے باعث 13 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ وزیر خوفناک حادثے میں محفوظ رہے تھے۔