ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

پاکستانی صحافیوں کے لیے چین میں 7 روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

اشتہار

حیرت انگیز

بیجنگ: پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے 10صحافیوں نے حال ہی میں چین کے دارالحکومت بیجنگ کا دورہ کیا اور وہاں کی قدیم رینمن یونیورسٹی کے زیراہتمام 7روزہ تربیتی ورکشاپ میں حصہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق چین میں ہونے والے تربیتی کورس کیلئے یونیورسٹی کے انتہائی ماہر اور مستقبل شناس لیکچررز کا انتخاب کیا گیا جنہوں نے دوطرفہ ترقی میں دونوں ممالک کے کلیدی کردار کے علاوہ تعلقات کو درپیش ممکنہ بیرونی خدشات پر پاکستانی صحافیوں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیالات کیا، ان لیکچررز میں ایگزیکٹو وائس ڈین ژونگ ژن، ایسوسی ایٹ پروفیسرزژوکوئی،شوجن کوئی،ہوانگ وی،اسسٹنٹ پروفیسر ژوگوانگ جیا شامل تھے جنہوں نے نہ صرف پاک چائنہ راہداری بلکہ ترقی کے آئندہ روڈ میپ پر مفصل لیکچر دیئے۔

علاوہ ازیں دورے کے دوران پاکستانی صحافیوں کو چینی اخبار(چائنہ ڈیلی) اور چینی ریڈیو براڈکاسٹ( چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل) کے علاوہ چائنہ نیٹ اور سوشل میڈیاہب(سینا) کے دفاتر کا بھی دورہ کرایا گیا۔دونوں ممالک کے نشریاتی اور اشاعتی اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے یہ انتہائی کارآمد کاوش رہی۔

پاکستانی صحافیوں نے بتایا کہ چینی ذرائع ابلاغ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی متاثر کن ہے جس سے کم سے کم وقت میں معیاری خبروں کی دنیا بھر کے کونے کونے تک باآسانی رسائی یقینی بنائی جاسکتی ہے ، چینی میڈیا کے نمائندوں نے اس موقع پر بتایا کہ چین کا ذرائع ابلاغ پاکستانی سیاحت اور ثقافت کو اجاگر کرنے اور معیشت کی بہتری کیلئے اہم کردار ادا کررہا ہے اور یہ دونوں ممالک کے درمیان فاصلے مٹانے کیلئے ایک اہم پیشرفت اور مثبت قدم ہے۔

چینی ثقافت اور سیاحت سے واقفیت کیلئے پاکستانی صحافیوں کو بھی بیجنگ کے کئی اہم ورثوں اور مقامات کا دورہ کرایا گیا جن میں لاؤشے ٹی ہاؤس، شی شا ہائے،قومی گرینڈ تھیٹر،چاؤہینگ تھیٹر ،شہرممنوعہ اور دیوارچین شامل ہیں۔

تربیتی سیشن میں پاکستان اور چین کے صحافیوں نے دونوں ممالک کے میڈیا ورکرز کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیا ہے تاکہ عوامی اور سرکاری سطح پر تجارت اور ثقافت سمیت باہمی تعلقات کی مزید بہتری میں کردار ادا کیا جاسکے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں