اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنا دورہ سندھ ملتوی کردیا۔ فواد چوہدری آج اہم نیوز کانفرنس بھی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنا دورہ سندھ ملتوی کردیا۔ وہ وزیر اعظم عمران خان سے ملنے وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تھے اور ذرائع کے مطابق تاحال وہیں موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے اہم ملاقات کے بعد وزیر اطلاعات آج نیوز کانفرنس کریں گے۔ نیوز کانفرنس میں وزیر اطلاعات موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کریں گے اور دورہ سندھ کی منسوخی کی وجوہات سے بھی آگاہ کریں گے۔
اس سے قبل وزیر اعظم سے ملاقات میں فواد چوہدری نے سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ فواد چوہدری نے سندھ میں اتحادیوں سے رابطوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کی مشاورت سے سندھ کے معاملات کا جائزہ لیں گے۔
خیال رہے کہ فواد چوہدری کو پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے جعلی اکاؤنٹس کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) میں نام آنے کے پیش نظر سندھ کا دورہ کرنا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اطلاعات کو ذوالفقار مرزا، امیر بخش بھٹو اور دیگر سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کرنی تھیں، فواد چوہدری جے آئی ٹی رپورٹ پر سیاسی رہنماؤں کو اعتماد میں لینے والے تھے۔