اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ پاکستان اور مملکتِ سعودی عربیہ کے درمیان اعلیٰ سطح پررابطے جاری ہیں، وزیرِ اعظم عمران خان اور سعودی سفیر کے مابین اہم ملاقات ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان اور سعودی سفیر کے درمیان ملاقات گزشتہ روز وزیرِ اعظم آفس میں ہوئی، سعودی عرب کی جانب سے وزیرِ اعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
[bs-quote quote=”سعودی عرب کی جانب سے جلد پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
سعودی سفیر نواف المالکی نے خصوصی ملاقات میں سعودی قیادت کا خصوصی پیغام بھی وزیرِ اعظم کو پہنچایا۔
ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، سعودی عرب کی پاکستان میں ممکنہ سرمایہ کاری کے معاملات بھی زیرِ بحث آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری سے متعلق مسلسل رابطے جاری ہیں، سعودی قیادت پاکستانی حکومت کو پہلے بھی پیغامات بھجوا چکی ہے، سعودی عرب کی جانب سے جلد پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔
واضح رہے وزیرِ اعظم عمران خان نے گزشتہ برس اکتوبر میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر برادر ملک نے ایک سال کے لیے پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالر ڈپازٹ رکھنے اور 3 سال تک سالانہ 3 ارب ڈالر کا تیل ادھار پر دینے کے لیے رضا مندی ظاہر کر دی تھی۔
یہ بھی دیکھیں: سعودی امدادی پیکج کے مزید ایک ارب ڈالرپاکستان کو موصول
14 دسمبر 2018 کو پاکستان کو سعودی عرب سے ملنے والے امدادی پیکج کے تحت مزید ایک ارب ڈالر کی رقم موصول ہوئی تھی، جس کے بعد ملک میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب 24 کروڑ ڈالر ہوگئے تھے۔
ترجمان اسٹیٹ بنک کا کہنا تھا کہ رواں مہینے جنوری میں سعودی عرب سے وعدے کے مطابق ایک ارب ڈالر کی مزید قسط موصول ہو جائے گی، جس سے ذرمبادلہ کے ذخائر کی بہتری میں مدد ملے گی اور پاکستانی روپے کو استحکام ملے گا۔