اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی مہمند ڈیم کے کنٹریکٹ پر تنقید اور کنٹریکٹ کی منسوخی کے مطالبے پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کرارا جواب دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مہمند ڈیم کے کنٹریکٹ کی منسوخی کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔
[bs-quote quote=”پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈیموں کے خلاف سازش ہو رہی ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”فیصل واوڈا” author_job=”وفاقی وزیر”][/bs-quote]
وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کہتے ہیں کنٹریکٹ منسوخی کا مطالبہ کرنے والے عناصر سازش کر رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈیموں کے خلاف سازش ہو رہی ہے، ایسے عناصر ڈیموں کو متنازع بنا کر ملکی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ڈیم ملک کے لیے زندگی ہے، میں اس سے قطعی طور پر پیچھے نہیں ہٹوں گا، اور ہر سازش ناکام بنا دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیم کا کنٹریکٹ میرٹ پرہوا، اپوزیشن ڈیم کے کنٹریکٹ کی تحقیقات کرانا چاہے تو سو بسم اللہ، ہم وہ نہیں جو کمیشن کے لیے کام کرتے ہیں یا کک بیک لیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مہمند ڈیم پر اسی ماہ کام شروع ہوگا: واپڈا
خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے مہمنڈ ڈیم کی تعمیر کے لیے دو کمپنیوں کو ٹھیکا دینے کے کنٹریکٹ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ کنٹریکٹ شفاف طریقے سے نہیں دیا گیا ہے۔
دریں اثنا، فیصل واوڈا نے گزشتہ روز پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں طلبی پر شدید ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی کو جواب دہ نہیں ہیں، دشمن قوتیں چاہتی ہیں کہ مہمند ڈیم نہ بنایا جائے، نیسپاک نے منصوبے کا جائزہ لیا ہے، کنٹریکٹ میرٹ پر دیا گیا۔