بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کی درخواست سماعت کے لئے مقرر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی گئی اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے دو رکنی بینچ تشکیل دے دیا ہے، چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ سات جنوری کو سماعت کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سزامعطلی کے لئے نوازشریف کی رٹ پٹیشن پررجسٹرارآفس کے اعتراضات ختم کرکے کلیئرقراردیتے ہوئے 32 نمبرالاٹ کردیاگیا جبکہ درخواست کوچیف جسٹس اسلام آبادہائی کورٹ کےپاس بھیج دیا۔

چیف جسٹس اسلام آبادہائی کورٹ نے نواز شریف کی سزامعطلی کی درخواست سات جنوری کوسماعت کے لئے مقرر کردی اور درخواستوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے دو رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔

چیف جسٹس ہائی کورٹ اطہرمن اللہ اور جسٹس عامر فاروق ڈویژن بینچ میں شامل ہیں، پیرکے روز نوازشریف کی رٹ پٹیشن پر ابتدائی سماعت کی جائےگی، سماعت 12 بجے کے بعد اسلام آبادہائیکورٹ کا ڈویژن بینچ کرے گا۔

نوازشریف نےاستدعا کی ہےکہ سزا کے خلاف اپیل کا فیصلہ ہونےتک سزامعطل کر کے ضمانت دی جائے۔

مزید پڑھیں : العزیریہ ریفرنس ، نوازشریف کی سزامعطلی کی درخواست دوبارہ دائر

یاد رہے نواز شریف کی درخواست پر رجسٹرار نے اعتراضات لگائے تھے ، جس کے بعد وکلائے صفائی نے اعتراضات ختم کر کے پٹیشن دوبارہ دائر کی تھی۔

دوسری جانب نوازشریف کوفلیگ شپ ریفرنس میں بھی سزا دلوانے اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا بڑھانے کے لئے نیب کی اپیلیں بھی سماعت کے لئے منظور کرلی گئی ہے۔

واضح رہے گزشتہ برس 24 دسمبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ سنایا گیا تھا۔

فیصلے میں نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں مجرم قرار دیتے ہوئے گرفتار کیا گیا جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا، بعدازاں ان کی درخواست پر انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے بجائے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں : العزیزیہ ریفرنس: نوازشریف کو سات سال قید کی سزا

بعد ازاں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے العزیریہ ریفرنس میں اپنی سزا معطلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے ضمانت کی استدعا کی تھی۔

درخواست کے متن میں کہا گیا تھا کہ احتساب عدالت میں ہمارا مؤقف نہیں سنا گیا، احتساب عدالت کے حکم نامے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ نواز شریف کے وکلا کے مطابق نواز شریف نے عدالت کی کارروائی میں پوری مدد کی، تاہم عدالت میں ہمارا مؤقف ٹھیک سے نہیں سنا گیا۔

بعد ازاں ہائی کورٹ نے نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی تھی۔

ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے نواز شریف کی درخواست کو نامکمل قرار دیتے ہوئے اعتراضات دور کرکے رجسٹرار آفس میں جمع کروانے کی ہدایت کی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں