پشاور : صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ اب کے پی سے بھی کرپٹ لوگوں کی چیخیں سنائی دیں گی، فضل الرحمان کرپٹ سیاست دانوں کو اکٹھا کرکے قوم کی کیا خدمت کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شوکت یوسف زئی نے احتساب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے صرف پنجاب اور سندھ میں لوگ چیخ رہے تھے اور اب کے پی سے بھی کرپٹ لوگوں کی چیخیں سنائی دیں گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اب صرف احتساب ہوگا شور مچانے والے جتنی بھی چیخیں ماریں لیکن اب کرپشن کرنے والوں کو بدلے میں جیل جانا ہوگا، ہمیں کٹھ پتلیاں کہنے والوں کے اپنے دور اقتدار میں ملکی خزانے کی لوٹ مار عروج پر تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی ہے، جو بھی کرپشن میں پکڑا جاتا ہے تو جواب میں عمران خان پر حملہ کرتا ہے، الزام تراشی کرنے والوں کو چیلنج کیا کہ اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائیں۔
ایک سوال کے جواب میں شوکت یوسف زئی نے کہا کہ فضل الرحمان کرپٹ سیاست دانوں کو اکٹھا کرکے قوم کی کیا خدمت کریں گے، اور اسفند یارولی 18ویں ترمیم پر سیاست نہ کریں۔