لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت اداروں کو مضبوط اور بااختیار بنائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کی حقیقی خوشحالی کیلئے مختلف پروگرام شروع کیے گئے ہیں، عوام کی بنیادی ضرورتوں کو ماضی کے حکمرانوں نے نظر انداز کیا، ہماری حکومت نے سماجی شعبوں کی پائیدار ترقی پر اپنی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت ملکی اداروں کو مضبوط اور بااختیار بنائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ حکومت فلاح عامہ کیلئے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، صوبے کے عوام کی ترقی کیلئے ٹھوس بنیاد رکھ دی گئی ہے، معیاری تعلیم اور صحت کی جدید سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہے، میرے لئے صوبے کے عوام ہی میرا اثاثہ ہیں۔
پنجاب کے سرکاری ملازمین کے لئے متعدد مراعات اور گرانٹس کی منظوری
واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے سرکاری ملازمین کے لئے متعدد مراعات اور گرانٹس کی منظوری دے دی، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے گزیٹڈ افسران اور نان گزیٹیڈ کے یتیم بچوں کی اسکالر شپ فیس میں اضافہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق گزیٹیڈ آفیسرز کے یتیم بچوں کی اسکالرشپ 20 سے بڑھا کر پچاس ہزار روپے سالانہ کردی گئی جبکہ نان گزیٹڈ سرکاری ملازمین کے یتیم بچوں کیلئے اسکالرشپ دس ہزار روپے جبکہ نان گزیٹیڈ سرکاری ملازمین کے یتیم بچوں کو میٹرک تک سالانہ اسکالرشپ15سو سے بڑھا کر پانچ ہزار روپے کر دیا گیا۔
اسی طرح گزیٹیڈ آفیسرز کے بچوں کی شادی گرانٹ 40 ہزار سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے جبکہ نان گزیٹیڈ ملازمین کے بچوں کی شادی گرانٹ 15 ہزار کی بجائے ایک لاکھ روپے کردی گئی ہے۔