اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ساہیوال میں بے گناہ لوگوں کو قتل کیا گیا، واقعے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہتا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں حزب اختلاف کے رہنما شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ’اس طرح کے واقعات پر ماضی میں سیاست کی جاتی رہی، میں اس واقعے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہتا۔‘
[bs-quote quote=”میں یہ نہیں کہتا کہ اب ہم دھرنا دیں، لیکن ہم اب بیٹھیں گے بھی نہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”شہباز شریف” author_job=”اپوزیشن لیڈر”][/bs-quote]
انھوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال میں ظلم و بربریت نظر آئی، نہتے والدین پر گولیاں برسائی گئیں، سی ٹی ڈی نے ایک بار پھر کہا کہ ڈرائیور دہشت گرد ہے، پنجاب حکومت نے بھی پہلے کہا وہ دہشت گرد ہے، حقائق ضرور سامنے آئیں گے مگر اس ظلم کی مثال نہیں ملتی۔
شہباز شریف نے کہا کہ قوم سوگوار ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن اور قصور کی زینب کے کیس پر سیاست چمکائی گئی، لیکن پنجاب فرانزک لیب نے قصور کیس حل کیا اور کے پی کے کیسز کو بھی دیکھا، جے آئی ٹی کی سفارشات قوم کے سامنے لائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: قوم کو یقین دلاتا ہوں قطرسےواپس آکر ساہیوال واقعے کے قصورواروں کوعبرت ناک سزا دی جائے گی،وزیراعظم
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عوام ساہیوال واقعے کے حقائق جاننا چاہتے ہیں، اس نے پورے پاکستان کو ہلا کر رکھ دیا ہے، ساہیوال واقعے پر اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے ایوان کی کارروائی معطل کی جائے۔
شہباز شریف نے کہا ’میں یہ نہیں کہتا کہ اب ہم دھرنا دیں، لیکن ہم اب بیٹھیں گے بھی نہیں جب تک قوم کو اصل حقائق نہیں بتائے جاتے، واقعے میں بد ترین سفاکی دکھائی گئی، ان سی ٹی ڈی کے پاس واقعے پر کوئی جواز نہیں۔‘