کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ مطالبہ کیا تھا لاہور کی اورنج ٹرین طرز پر کراچی سرکلر ریلوے پیکج دیا جائے، چین نے ہماری محنت کے باعث بلوچستان اور پختونخواہ میں ماس ٹرانزٹ منظور کیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کل کراچی سرکلر ریلوے پر میرے لکھے گئے خطوط کا حوالہ دیا گیا، بطور وزیر خزانہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو خط لکھا تھا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مطالبہ کیا تھا لاہور کی اورنج ٹرین طرز پر کراچی سرکلر ریلوے پیکج دیا جائے، وزیر اعظم کی منظوری کے باوجود وزارت منصوبہ بندی نے انکار کیا۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ہماری محنت کے باعث بلوچستان اور پختونخواہ میں ماس ٹرانزٹ منظور کیا، 4 خطوط لکھنے کے بعد 18 جنوری 2018 کو وزارت اطلاعات سے خط نکلتا ہے، ن لیگ دور میں دو چار خط لکھنے کے بعد جواب آتا تھا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 3 اکتوبر کو میں نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا تھا، آج 22 جنوری ہے کسی خط کا جواب نہیں آیا۔ سازشوں کے باوجود میرا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکل گیا۔
انہوں نے کہا کہ گیس بحران پر وزیر اعظم کو سی سی آئی اجلاس کے لیے لکھا، اس صوبے کے لوگوں کو ہم حساب دینے کے لیے تیار ہیں، سندھ حکومت وفاق سے کام کروائے گی۔
وزیر اعلیٰ کی تقریر کے بعد اپوزیشن ارکان نے وقت دینے کا مطالبہ کیا لیکن اسپیکر نے انکار کردیا جس پر بات کرنے کا موقع نہ دینے پر اپوزیشن نے شور شرابہ بھی کیا۔