کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ اور گرد ونواح میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شہری خوف کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 3.0ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی، مرکز سبی سے 75 کلومیٹر شمال مشرق تھا۔
قبل ازیں گذشتہ ہفتے ہی کوئٹہ کے علاقے خاران اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ زلزلے کی شدت 3 ریکارڈکی گئی تھی۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ 17 دسمبر 2018 کو بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گرد نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی تھی۔
ماہرین ارضیات کی جانب سے زلزلوں کی دو بنیادی وجوہات بیان کی جاتی ہیں، ایک وجہ زیر زمیں پلیٹوں (فالٹس) میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل ہے اوردوسری آتش فشاں کا پھٹنا ہے۔