جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

تحریک انصاف چاہتی ہے پولیس میں بہتری آئے: وزیر خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سندھ میں حکومتی پارٹی کے وائس چیئرمین پر فائرنگ لمحہ فکریہ ہے۔ پولیس حد سے تجاوز کرتی ہے تو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف چاہتی ہے پولیس میں بہتری آئے، پولیس حد سے تجاوز کرتی ہے تو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خیبر پختونخواہ پولیس کو بہتر کیا، سندھ اور پنجاب کی پولیس میں بھی بہتری لائیں گے۔ پولیس کا مقصد تحفظ دینا اور جان اور مال کا تحفظ کرنا ہے۔ پولیس میں بھی کالی بھیڑیں ہیں جو سیاسی اثر سے آئے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ایسی کالی بھیڑوں اور سیاسی پرچیوں کے خلاف ہے، پولیس میں اچھے افسر بھی موجود ہیں ان کو موقع ملنا چاہیئے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امریکا کی ضرورت ہے، امریکی صدر سے وزیر اعظم کی ملاقات میں اسٹریٹیجک تعلقات مضبوط ہوں گے۔ ہم معیشت کو مضبوط کر رہے ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کر رہے ہیں۔

گزشتہ رات تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ رمضان گھانچی کی جلد مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، سندھ میں حکومتی پارٹی کے وائس چیئرمین پر فائرنگ لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پولیس گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی چاہتی ہے ان کے خلاف کوئی آواز نہ اٹھائے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دوحا میں وزیر اعظم کے ساتھ گیا، کرتار پور راہداری کھولنے کے لیے سکھ برادری شکریہ کے لیے آئی، کرتار پور راہداری پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ فیز 1 اور فیز 2 کے لیے زمین حاصل کرلی گئی ہے۔ کرتار پور راہداری کے لیے دریا پر پل بنانے کا کام جاری ہے، پاکستان منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے سنجیدہ اور تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو امن کے لیے قدم بڑھانے کی دعوت دی تھی، کسی حکومت میں جرات نہیں ہوئی موجودہ حکومت نے آغاز کیا، موجودہ حکومت کا اگلا قدم کھوکھرا پار ہوگا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کل حکومت نے بہت بڑا فیصلہ کیا ہے، پاکستان آنے کی خواہش رکھنے والے کو ای ویزہ جاری ہوگا، ہم نے 173 ممالک کو ای ویزہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہ محمود کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پانی کے بحران کی طرف بڑھ رہا ہے، ملک میں پانی کی شدید قلت پیدا ہونے والی ہے۔ سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب متاثر ہو سکتے ہیں، 10، 10 سال حکومت کرنے والے بتائیں پانی کے لیے کیا کیا؟

انہوں نے کہا کہ عمر کوٹ میں بہترین زمین ہے لیکن یہاں پانی نہیں، یہاں کے ایم پی اے اور وزیر خود پانی چوری کرتے ہیں، سندھ میں ڈی پی او اور ایس پی آپ کے ذاتی لگے ہوئے ہیں۔ یہ جھوٹے پرچے کاٹتے ہیں اور تبادلے کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات کیے، معیشت مستحکم ہو رہی ہے، ماضی میں جن سے تعلقات خراب کیے گئے ان سے اچھے تعلقات بنائے۔ فروری کے مہینے میں کراؤن پرنس پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔ قطر نے 4 مراعات کا اعلان کیا ہے 2 کا مزید کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ برف پگھل گئی ہے تعلقات بہتر ہوئے، یورپی یونین کا نیا باب کھل رہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں