راولپنڈی : زمین کے تنازعہ پر دو گروپوں میں گولیاں چل گئیں، فائرنگ کی زد میں آکر چارسالہ بچی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی، پولیس نے واقعےمیں ملوث 3ملزمان گرفتار کرلیے ۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے چونترہ سنگرال میں زمین کے تنازعہ پر دو قبضہ گروپوں کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں فائرنگ کی زد میں آکر گھر کے صحن میں کھیلنے والی چار سال کی بچی علیزہ رمضان زخمی ہوگئی لیکن فوری طبی امداد نہ ملنے کے باعث اسپتال پہنچنے سے قبل ہی جاں بحق ہوگئی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آٹھ دن سے مسلسل فائرنگ ہورہی ہے اور پولیس تماشا دیکھ رہی ہے، ہم نے فون پر کئی بار اطلاع دی لیکن پولیس نہیں پہنچی۔
بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچی کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، علاقہ ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ دیگرملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپےمارے جارہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے بابر خان کے مطابق چونترہ کا علاقہ سنگرال گزشتہ ایک ہفتے سے شہریوں کیلئے نوگو ایریا بنا ہوا ہے۔ دونوں جانب سے فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: نوشہرہ میں کار پر فائرنگ، بچی جاں بحق، 3 افراد زخمی
لوگوں کو ڈرا دھمکا کر ان کی زمینوں پر قبضے کیے جاتے ہیں تمام صورتحال جاننے کے باوجود راولپنڈی پولیس ان بااثر ملزمان کیخلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔