اسلام آباد: وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری سے چینی سفیر نے ملاقات کی، جس میں پاک چین مشترکہ فلم سازی سے متعلق گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری سے چینی سفیر نے ملاقات کی، چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی نیو ویزا رجیم محفوظ، با اعتماد اور کھلے پاکستان کا مظہر ہے۔
[bs-quote quote=”چینی سینما گھروں میں پاکستانی فلموں کی نمائش جلد شروع ہو رہی ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
ملاقات میں چینی سفیر نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کا چین سے تعلقات کو آگے بڑھانا خوش آئند ہے، رواں سال پاکستانی فلموں کی چینی سینما گھروں میں نمائش کی جا رہی ہے۔
چینی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستانی فلموں کی نمائش سے لوگوں میں روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔
دریں اثنا وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے چینی سینما گھروں میں پاکستانی فلموں کی نمائش کے اقدام کی تعریف کی، کہا پاکستان نویں انٹرنیشنل بیجنگ فلم فیسٹیول میں شرکت کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: میڈیا کے طلبہ کو ادا کاری کی اچھی تربیت دے سکتی ہوں: ادا کارہ میرا کا دعویٰ
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ معلومات کے تبادلے اور مشترکہ فلم پروڈکشن میں تعاون کو وسعت دینی چاہیے، پی ٹی آئی کی حکومت میڈیا یونی ورسٹی کے قیام کا ارادہ رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فلموں کو سعودی عرب میں ریلیز کی اجازت
انھوں نے کہا ’ہم چاہتے ہیں کہ چین میڈیا یونی ورسٹی اور ٹیکنیکل میڈیا انسٹیٹیوٹ بنانے کے لیے ہماری مدد کرے۔‘
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں دونوں ممالک کی اہم شعبوں پر توجہ ہوگی، صحت، تعلیم، پانی، اور غربت کے خاتمے کے لیے مشترکہ منصوبوں پر توجہ دی جائے گی۔
چینی سفیر سے ملاقات میں وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے ملک میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔