مسقط: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ احتساب کا خوف سب قوتوں کو اکٹھا کررہا ہے، ہم اداروں کی اصلاح کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسقط میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کیا کہ خیبرپختونخوا کابینہ کا اگلا اجلاس قبائلی علاقے میں ہوگا، اقدام کا مقصد قبائلی علاقوں کی تکالیف اور مشکلات کو حل کرنا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ تبدیلی کا ایجنڈا آسان نہیں ہے، ہم اپنی اصلاح کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں، دفتر خارجہ نے ملکی معیشت کو پیروں پر کھڑا کرنے کا چیلنج قبول کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پورٹل بنایا ہے جبکہ دفتر خارجہ نے معاشی سفارت کاری کے پروگرام کا آغاز کیا ہے، دفتر خارجہ ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں نیا پاکستان بنانے کے لیے نئے جذبے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: پاک عمان تعلقات کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
واضح رہے کہ وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ عرب ریاستوں میں عمان پاکستان کے سب سے قریب تر ہے، 30 فی صد عمانی بنیادی طور پر پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے ہیں، 3 لاکھ تارکین وطن عمان کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اورعمان کے درمیان لیبر اور ٹریننگ سے متعلق مشترکہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں، اس وقت ہماری باہمی دو طرفہ تجارت کا حجم کافی کم ہے، اس لیے ٹریڈ اور کامرس پر ایک مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز دی ہے۔