راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں 20 کروڑ عوام کی آواز لے کر جا رہا ہوں۔ وزیر ریلوے نے کراچی کے لیے ایک اور ٹرین چلانے کا اعلان بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے جہاں انہوں نے کلین اینڈ گرین پاکستان کی ماہانہ مہم کا افتتاح کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے کی تاریخ میں پہلی بار کلین اینڈ گرین مہم چلا رہے ہیں۔ ریلوے میں شکایت سیل بنایا ہے، خود نگرانی کروں گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ تھل ایکسریس شروع کردی گئی ہے۔ نان اسٹاپ جناح ایکسپریس، سرسید اے سی ٹرین کا افتتاح کریں گے، کراچی کے لیے ایک اور ٹرین چلائیں گے۔ 23 مارچ تک آپ بہت بڑی تبدیلی دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے شہباز شریف کیوں اسپیکر سے ملنے گئے تھے، میں 20 کروڑ عوام کی آواز لے کر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جا رہا ہوں، عمران خان کا مشکور ہوں ریاض فتیانہ کی جگہ مجھے پی اے سی کا ممبر نامزد کیا۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ دوران ریمانڈ کسی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہو سکتے، پی اے سی میں اسی لیے آئے یہ لوگ تاکہ اپنے آرڈر خود جاری کر سکیں۔ عمران خان نے عوامی مسلم لیگ کو پی اے سی میں ایک سیٹ دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کے لیے ملک بھر میں دورے کر رہا ہوں، ریلوے کے لیے دن رات محنت کر رہا ہوں، ٹریکر مارچ سے چل جائیں گے۔ ٹریکر سے پتہ چلے گا کون سی ٹرین کہاں رکی ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ تمام ریلوے ملازمین کو اے گریڈ دے کر جاؤں گا، اپوزیشن والے چور خزانے کی کھڑکیاں تک نکال کر لے گئے۔