ہفتہ, جنوری 18, 2025
اشتہار

جعلی پولیس مقابلہ : نوجوان کو ڈاکو قرار دے کر مارنے والے ایس ایچ او کیخلاف مقدمہ درج

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : تیموریہ تھانے میں پولیس کی حراست میں ملزم بلال کی ہلاکت کو مقابلہ ظاہر کرنے والے ایس ایچ اور اس کی ٹیم کےخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں جعلی پولیس مقابلوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے،  تیموریہ تھانے میں زیرحراست نوجوان کو پولیس نے پہلے ڈاکو قرار دے کر مقابلے میں مار ڈالا بعد میں اسے نشئی قرار دے دیا، پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرنے سے انکار پرعلاقہ مکین مشتعل ہوگئے۔

دو دن قبل گرفتار ہونے والا نوجوان بلال پولیس تشدد سے زخمی ہوا، پولیس نے طبی امداد بھی نہیں دی۔ کچھ دیر بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئےجاں بحق ہوگیا، نوجوان کی ہلاکت پر پی ٹی آئی رہنماحلیم عادل شیخ علاقہ مکینوں کے ہمراہ تیمیوریہ تھانے پہنچے۔

- Advertisement -

حلیم عادل شیخ اور علاقہ مکینوں کے احتجاج پر نوجوان کے بھائی کی مدعیت میں ایس ایچ او اور اس کی ٹیم کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ بلال کے بھائی بلاول کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

اس حوالے سے حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ پولیس بے گناہ لوگوں کو جعلی مقابلوں میں مارے جارہی ہے، پولیس نے بلال اور اس کے بھائی بلاول کو حراست میں لیا تھا، دو دن حراست میں رکھ کر بلال کو جان سے مار دیا گیا۔

لیاری سے ڈکیت گروہ کے  5کارندے گرفتار، اسلحہ برآمد 

علاوہ ازیں لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے5رکنی ڈکیت گروہ کے کارندوں کو گرفتار کرلیا، پولیس حکام کے مطابق مذکورہ ملزمان ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور گاڑیوں چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان سے ایک دستی بم، دو آوان بم اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں