جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

کراچی : یوسی چیئرمین کی فائرنگ سے مبینہ ڈکیت کی ہلاکت معمہ بن گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: دو روز قبل بھینس کالونی میں یوسی چیئرمین کی فائرنگ سے مبینہ ڈکیت کی ہلاکت سے متعلق واقعے کی مزید فوٹیجز منظرعام پر آگئیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیت یوسی چیئرمین رحیم شاہ کو لوٹنے کی کوشش کررہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں نوجوان کو  مبینہ ڈاکو قرا دے کر گولی مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، یوسی چیئرمین رحیم شاہ نے سڑک پر ہی عدالت لگا کر ارشاد رانجھانی کو گولیاں ماریں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زخمی ڈکیت ایمبولینس میں لیٹا ہوا ہے اور پولیس اس سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔ مبینہ زخمی ڈکیت کو پولیس پہلے اسپتال کے بجائے تھانے لے جاکر پوچھ گچھ کرتی رہی۔

دوسری جانب یوسی چیئرمین رحیم شاہ کا کہنا ہے کہ جب وہ بینک سے رقم لے کر نکلا تو موٹر سائیکل سوار ڈاکو اس کا پیچھا کررہے تھے، قریب آنے پر گاڑی سے ہی ان پر فائرنگ کی، جس سے وہ زخمی کر موٹر سائیکل سے گر گیا اور اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق مرنے والا ڈکیت یوسی چیئرمین رحیم شاہ کو لوٹنے کی کوشش کررہا تھا، رحیم شاہ نے فائرنگ کی جس سے ڈکیت زخمی ہوا جو بعد میں دم توڑ گیا، پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ڈکیت سے نائن ایم ایم پستول ملی تھی، رحیم شاہ واقعے کا مدعی ہے اور اسی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔

سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ ارشاد رانجھانی ڈاکو تھا یا نہیں اسے اپنے دفاع میں مارا گیا یا معاملہ کچھ اور ہے؟  ایک نوجوان کو سڑک پر گولیوں سے بھون دیا گیا اور ہجوم تماشہ دیکھتا رہا، زخمی کو کسی نے اسپتال منتقل نہیں کیا حتیٰ کہ پولیس بھی خاموش تماشائی بنی رہی۔

علاوہ ازیں فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہجوم میں موجود ایک شخص زخمی کی مدد کرنے اورویڈیو بنانے سے روکتا رہا۔ سوشل میڈیا پر جسٹس فار ارشاد کی صدائیں گونج رہی ہیں۔

لوگ کہتے ہیں کہ رحیم شاہ نے جھوٹا الزام لگا کر ارشاد رانجھانی کو قتل کیا، ایک صاحب نے لکھا کہ رانجھانی کو ایمبولینس میں دوبارہ گولیاں ماری گئیں تاکہ وہ دم توڑ جائے۔ ارشاد قوم پرست جماعت کا کارکن بتایا جاتا ہے۔ ٹوئٹر پر ہی بتایا گیا کہ گھر پر لاش پہنچی تو ارشاد کی ماں بھی صدمے سے دم توڑ گئی۔

اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کی ایم این اے نفیسہ شاہ نے بھی ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ نوجوان ارشاد رانجھانی کو بے رحمی سے قتل کردیا گیا یہ سب دیکھ کر افسوس ہوا، امید ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرم کو گرفتار کرکے ارشاد کو انصاف فراہم کریں گے۔

اہم ترین

سلمان لودھی
سلمان لودھی
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔

مزید خبریں