اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز، داماد عمران علی یوسف، اسحاق ڈار اور سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے داماد مصطفیٰ امجد سمیت مفرور ملزمان کو وطن واپس لانے کی تیاریاں شروع کر دیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیب ذرائع کا کہنا ہے بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کو واپس لانے کے لیے نیب نے ایک بار پھر انٹرپول سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب کے تمام بیوروز کو ہدایات جاری کر رکھی ہیں، جس پر فرار ملزمان کی واپسی کے لیے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔
ذرائع نے کہا آئندہ چند روز میں نیب وازرت داخلہ کے ذریعے انٹرپول سے باقاعدہ رابطہ کرے گا۔
بیرون ملک فرارافراد میں سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار، شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف، بیٹے سلمان شہباز اور سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے داماد مصطفیٰ امجد شامل ہیں جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے بھی نیب کے اشتہاری ہیں۔
خیال رہے احتساب عدالت وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادوں کو اشتہاری قرار دے کر ان کے دائمی وارنٹ جاری کرچکی ہے جبکہ اس سے قبل نیب کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے بھی دونوں ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرنے کی منظوری دی تھی۔
واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ پاکستان اسحاق ڈار کے خلاف نیب کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس زیر سماعت ہے، اسحاق ڈار 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات سے قبل طبیعت کی خرابی کے باعث لندن چلے گئے تھے، جس کے بعد تاحال اسحاق ڈار لندن میں ہی مقیم ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری اور مفرور ملزم و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا تھا جبکہ انٹرپول کے ذریعے لندن سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔