جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

جناح اسپتال میں زیرعلاج نوازشریف کا میڈیکل بورڈ آج معائنہ کرے گا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا جناح اسپتال میں علاج کا دوسرا روز ہے، میڈیکل بورڈ آج نوازشریف کا معائنہ کرکے مزید علاج کی حکمت عملی طے کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق نوازشریف کو عارضہ قلب کے باعث گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل سے لاہور کے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

سابق وزیراعظم کے اہل خانہ ملاقات کے لیے آج جناح اسپتال آئیں گے، شہبازشریف کی بھی جناح اسپتال آمد متوقع ہے۔

جناح اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹرعاصم حمید کے مطابق آج نوازشریف کی ایکو کی جائے گی۔ میڈیکل بورڈ آج نوازشریف کا معائنہ کرکے مزید علاج کی حکمت عملی طےکرے گا ۔

نوازشریف کوٹ لکھپت جیل سے جناح اسپتال منتقل

یاد رہے گذشتہ ہفتے نوازشریف کو طبیعت ناسازی کے باعث سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا ، جہاں 6 روز بعد نواز شریف نے پی آئی سی اسپتال جانے سے انکار کرتے ہوئے جیل جانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس پر محکمہ داخلہ پنجاب نے انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا تھا۔

ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کی روشنی میں جیل منتقل کیا گیا، جس میں واضح لکھا گیا کہ نوازشریف کو مزید اسپتال میں نہ رکھا جائے۔

میاں نواز شریف کا معائنہ کرنے والے خصوصی میڈیکل بورڈ نے دل کے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش بھی کی تھی۔

واضح رہے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سات سال قید اور ساڑھے تین ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد ان کی درخواست پر اڈیالہ کے بجائے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔

اہم ترین

حسن حفیظ
حسن حفیظ
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں

مزید خبریں