دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز، جبکہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آپس میں مدمقابل ہوں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ دبئی کے اسٹیڈیم میں پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کا ہوگا، میچ مقامی وقت کے مطابق 5 بجے کھیلا جائے گا۔
دوسرا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان ساڑھے 9 بجے کھیلا جائے گا۔
کراچی کنگز نے گزشتہ روز پی ایس ایل 4 میں شاندار فاتحانہ آغاز کیا اور ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست دی۔
کراچی کے مدمقابل لاہور قلندرز کی ٹیم پہلے روز افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے 5 وکٹوں سے شکست کھا چکی ہے۔
کنگز کی ٹیم آج بھی جیت کا تسلسل رکھنے کے لیے برقرار ہے۔
دوسری جانب ملتان سلطان کا یہ دوسرا میچ ہے اور وہ پہلے میچ کی شکست کے بعد دوسرا میچ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔
2 سیزنز کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس سیزن میں بھی فاتحانہ آغاز کیا اور پہلے میچ میں لاہور قلندرز کو شکست دی۔
چاروں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے اور مقابل کو پچھاڑنے کے لیے بے چین ہیں۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 4 میں 6 ٹیموں کے درمیان 34 مقابلے ہوں گے، ابتدائی 26 میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے، ابو ظہبی پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا۔
پی ایس ایل 4 کے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ 7 سے 17 مارچ تک میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے، لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے۔
بعد ازاں کراچی میں 7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے، 17 مارچ کو لیگ کا فائنل بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔