لاہور: پنجاب حکومت نے زرعی پالیسی کا اعلان کردیا، صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان کا کہنا ہے کہ کاشت کاروں کے منافع میں اضافہ کے لیے دیہی خواتین اور نوجوانوں کو شامل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ زراعت ہماری معیشت کا سب سے اہم اور بڑا شعبہ ہے، 100 دن کے حکومتی ایجنڈے میں بھی زرعی پالیسی کو شامل کیا گیا تھا۔
انہوں نے زرعی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ زرعی پالیسی کی تشکیل میں سب سے مشاورت کی گئی۔ زرعی پالیسی بنانے میں یو ایس ایڈ کے ماہرین کی معاونت حاصل رہی۔
وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ زرعی پالیسی کی منظوری دے چکی ہے، زرعی پیداوار کے معیار اور مانگ میں اضافہ سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ کاشت کاروں کے منافع میں اضافہ کے لیے دیہی خواتین اور نوجوانوں کو شامل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مستقل پیداوار میں اضافہ کریں گے، وسائل پیداوار اور لیبر کے بہترین استعمال سے فائدہ ہوگا، ’توقع ہے کہ زرعی پالیسی سے سالانہ 4 سے 5 فیصد ترقی ہوگی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت زراعت اور فوڈ پراسیسنگ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا تھا۔
اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت زرعی شعبے کی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے صوبائی حکومتوں کو تمام ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔
وزیر اعظم نے کہا تھا کہ زرعی شعبے کی بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے زرعی شعبے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے صوبوں سے ایک ہفتے کے اندر سفارشات بھی طلب کی تھیں۔