اسلام آباد: نادرا اور پاکستان پوسٹ کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ نادرا کے ساتھ مل کر سروس بہتر بنائیں گے، نادرا سے معاہدے کے بعد ہماری کارکردگی اور آمدنی میں اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نادرا اور پاکستان پوسٹ کے درمیان فرنچائزڈ افسر کے معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ پوسٹل سروس بہتر بنا کر کاروبار میں نمایاں اضافہ کریں گے، نادرا کے ساتھ مل کر سروس بہتر بنائیں گے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ ای ایم ایس پلس کے ذریعے بیشتر ممالک میں سروس دے رہے ہیں، پاکستان پوسٹ اور نادرا کے درمیان فرنچائزڈ افسر تعینات کیا جائے گا، پاکستان پوسٹ سستی ترین ارجنٹ میل سروس فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نادرا سے معاہدے کے بعد ہماری کارکردگی اور آمدنی میں اضافہ ہوگا، حکومت سے کچھ لیے بغیر ادارے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اشیا کی ترسیل کر سکتے ہیں، ماضی میں وزارت کو درپیش خسارے سے نجات حاصل کریں گے۔ رقوم کی فوری منتقلی کی سروس بھی کامیابی سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت کے معاملات میں مزید بہتری لانا چاہتے ہیں، پاکستان پوسٹ کی مزید 15 ہزار برانچز قائم کرنے جا رہے ہیں۔ ماضی میں وزارت کو درپیش خسارے سے نجات حاصل کریں گے، بہتری کے لیے اقدامات سے عوام کو فائدہ ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں مراد سعید نے ملک بھر میں ون ڈے ڈیلیوری سسٹ کا افتتاح کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ تقریباً 10 ارب سالانہ خسارے میں رہا ہے، پاکستان پوسٹ میں بہت صلاحیت ہے، پوسٹ کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے۔
بعد ازاں پارسل کی بکنگ کے لیے محکمہ ڈاک کی ایپلی کیشن کا آغاز بھی کیا گیا تھا۔ ’ٹریک اینڈ ٹریس ایپ‘ پارسل کے ڈسپیچ ہونے سے منزل تک پہنچنے تک ساری تفصیلات سے صارف کو آگاہ رکھے گی۔