جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

مریم نواز کی جناح اسپتال آمد، سر پرکیمرہ لگ گیا، راستے بند مریض پریشان

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملنے کیلئے اسپتال آنے والی ان کی صاحبزادی مریم نواز کے سر پر کیمرہ لگ گیا، جس کے باعث انہیں معمولی چوٹ آئی، اس موقع پر مختلف وارڈز کے راستے بند ہونے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے جناح اسپتال میں مریم نواز اپنے والد کی تیمار داری کیلئے آئیں تو گیٹ پر کارکنوں اور میڈیا نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی، اس موقع پر دھکم پیل کے باعث ان کے سر پر ایک نیوز چینل کا کیمرہ زور سے سر پر لگا، جس کے باعث انہیں بہت معمولی چوٹ آئی تاہم درد کے باعث وہ اپنے سر پر کافی دیر تک ہاتھ رکھے رہیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا بھی یہی کہنا ہے کہ مریم نواز کے سر پرکیمرہ لیگی کارکنان اور گارڈز کی دھکم پیل کے باعث لگا، دوسری جانب سیکیورٹی کا عملہ واقعے کا سارا ملبہ کیمرہ مینوں پر ڈالنے کی کوشش میں مصروف ہے۔

سیکیورٹی گارڈ کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے سر پر کیمرہ بے دھیانی میں لگا یا جان بوجھ کر ماراگیا؟ اس کے حقائق جانیں گے، سر پر کیمرہ لگنے کی فوٹیج پولیس کو دکھائی جارہی ہے، جس کیمرہ مین کا کیمرہ مریم کے سر پر لگا اسے بھی طلب کیا جائے۔

علاوہ ازیں مریم نواز کی لاہور کے جناح اسپتال آمد تیمارداروں کے لیے زحمت بن گئی، اسپتال میں والد کی عیادت کی۔ واپسی پراسپتال کی راہداریاں بند کرادیں گئیں، مریض اور تیماردار رُل گئے۔

مریم نواز اپنے والد سے ملنے کے بعد جب جناح اسپتال سے روانہ ہوئیں تو سیکیورٹی کے سخت انتطامات کیے گئے تھے، اس موقع پر اسپتال کے مختلف وارڈز کے راستے بند کردیئے گئے، راستے بند ہونے کے باعث مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں