منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

اقوام متحدہ کشمیر پر اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کرے: صدر آزاد کشمیر

اشتہار

حیرت انگیز

جدہ: صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارت نے ہمیشہ او آئی سی کی کشمیر پر قراردادوں کو مسترد کیا۔ اقوام متحدہ کشمیر پر اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کرے، او آئی سی اقوام متحدہ کی رپورٹ پر عملدر آمد کو یقینی بنائے۔

تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے جدہ میں آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن (او آئی سی) کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ او آئی سی کی کشمیر پر قراردادوں کو مسترد کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پلوامہ واقعے کے بعد جنگی جنون میں مبتلا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ وسیع ہے۔ گزشتہ چند دن میں 400 سے زائد کشمیریوں کو حراست میں لیا گیا۔

صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پورے مقبوضہ کشمیر میں فوجی آپریشن جاری ہے، بندوق بردار بھارتی فوجی چن چن کر نوجوانوں کو شہید کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر پر اپنا نمائندہ خصوصی مقرر کرے، او آئی سی اقوام متحدہ کی رپورٹ پر عملدر آمد کو یقینی بنائے۔

یاد رہے کہ آج صبح بھارتی ایئر فورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی، پاک فضائیہ کے بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور مظفر آباد سیکٹر میں 3 سے 4 میل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بھارتی طیاروں کی جانب سے جلد بازی میں پھینکے گئے پے لوڈ کی تصاویر بھی جاری کردی ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پالیسی بیان میں کہا کہ بھارت نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی، پاکستان مناسب جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول کی حالیہ صورتحال پر اجلاس بلایا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں