اسلام آباد: پڑوسی شر پسند ملک بھارت کی جانب سے ہونے والی جارحیت پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی اسٹیٹ سیکریٹری مائیک پومپیو اور سیکریٹری جنرل او آئی سی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انھیں بھارت کی طرف سے ایل او سی کی خلاف ورزی سے آگاہ کیا۔
[bs-quote quote=”پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”وزیر خارجہ”][/bs-quote]
شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیرِ خارجہ کو بھارتی شر پسندانہ کارروائی پر حکومتِ پاکستان، پارلیمنٹ اور عوامی جذبات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیرِ خارجہ نے مائیک پومپیو پر واضح کیا کہ پاکستان اپنی سالمیت پر سمجھوتا نہیں کر سکتا، تاہم پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ہم بھارت کے عزائم سے پہلے ہی عالمی برادری کو آگاہ کر چکے تھے، بھارت سیاسی مقاصد کے لیے خطے کو خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی، پاکستان اس کا جواب دے گا: وزیر خارجہ
دریں اثنا، شاہ محمود نے سیکریٹری جنرل او آئی سی ڈاکٹر یوسف احمد العثمین کو بھی فون کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں امن و امان کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا، وزیر خارجہ نے بھارت کو او آئی سی اجلاس میں مدعو کرنے پر عالمی تنظیم سے شدید احتجاج بھی کیا۔
[bs-quote quote=”جس اجلاس میں سشما سوراج ہوں گی، میں اس میں شریک نہیں ہوں گا۔” style=”style-8″ align=”right” author_name=”شاہ محمود”][/bs-quote]
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی انتہائی قابل مذمت ہے، بھارت پاکستان میں دراندازی کر رہا ہے، نہتے کشمیریوں پر ظلم توڑ رہا ہے، ان حالات میں بھارت کو او آئی سی اجلاس میں مدعو کرنا ہمیں گوارا نہیں۔
وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ اوآئی سی پاکستان کے خلاف اس بھارتی جارحیت کی مذمت کرے، او آئی سی دیگر ممبر ممالک کو بھی مذمت کرنے کا کہے۔
شاہ محمود نے کہا کہ او آئی سی کو بھارتی جارحیت کا نوٹس لینا چاہیے، توقع ہے وہ مذمت کریں گے، جس اجلاس میں سشما سوراج ہوں گی، میں اس میں شریک نہیں ہوں گا۔