اسلام آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا ہندو بنیے کی گھٹیا اور شرمناک حرکت ہے، مسلح افواج وطن کے چپے چپے کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ دشمن کی غلط فہمی جلد دور ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر ٹرانسپورٹ عمر خان جمالی کی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے بھارتی جارحیت اور مودی سرکار کے جنگی جنون کی شدید مذمت کی۔
وزیر اعلیٰ نے پاک فضائیہ کی جرأت اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ازلی دشمن نے اندھیرے میں در اندازی کر کے بزدلانہ حرکت کی، بھارتی طیاروں کی در اندازی اور ایل او سی پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا ہندو بنیے کی گھٹیا اور شرمناک حرکت ہے، بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا کر رکھ دی ہیں۔ وطن کی حفاظت پر مامور بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج وطن کے چپے چپے کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، سیاسی قیادت اور عوام بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ’دشمن کی غلط فہمی جلد دور ہوجائے گی‘۔
یاد رہے کہ بھارت جنگی جنون میں دیوانہ ہوچکا ہے اور ایک روز قبل بھارتی طیاروں نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دراندازی کی تھی تاہم پاک فضائیہ نے بروقت کارروائی کی اور بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔
بھارتی طیارے جاتے ہوئے اپنا پے لوڈ جنگل میں گرا کر چلے گئے۔
فضائی دراندازی کی کوشش میں بری طرح منہ کی کھانے کے بعد بھارت نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور ایک بچہ شہید ہوگئے جبکہ 11 شہری زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق بزدل بھارتی فوج نے ایل او سی سے متصل عباس پور، چڑھوئی، کھوئی رٹہ، نتھیال، درہ شیر خان، بھمبر اور جھمپ سیکٹر پر گولہ باری کر کے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تاہم پاکستانی فوج کی منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔