اسلام آباد : وزیرخزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ شہری آج نماز کے بعد ملک کی سلامتی اور افواج پاکستان کے بہادر بیٹوں کے لئے دعا کریں ، جنگی جنون میں بھارتی قیادت امن تباہ کرنے میں لگی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسد عمر نے پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا شہری آج نماز کے بعد ملک کی سلامتی کے لئے دعا کریں ، خصوصی دعا افواج پاکستان کے بہادر بیٹوں کے لیےبھی کریں، پاک فوج کےمجاہدوں کی وجہ سے ہم سکون کی نیندسوتے ہیں، اس کے باوجود جنگی جنون میں بھارتی قیادت امن تباہ کرنے میں لگی ہے، پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد۔
آج نماز کے بعد ملک کی سلامتی کی دعا بھی کریں اور خصوصی دعا افواج پاکستان کے ان بہادر بیٹوں کے لئے جن مجاہدوں کی وجہ سے ہم سکون کی نیند سوتے ہیں اس کے باوجود کے جنگی جنون سے سرشار بھارتی لیڈرشپ امن کو تباہ کرنے کی کوشش میں لگی ہوی ہے۔ پاکستان زندہ باد۔ افواج پاکستان زندہ باد
— Asad Umar (@Asad_Umar) March 1, 2019
گذشتہ روز بھی وفاقی وزیر خزانہ اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ہم تاریخ کے دوراہے پرکھڑے ہیں، پاکستان اوربھارت کی قیادت کوفیصلہ کرنا ہے، قوم کوامن وخوشحالی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں یا تنازع کی طرف یہ فیصلہ کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں : پاکستان امن اوراپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے‘ اسدعمر
انھوں نے کہا تھا پاکستان امن اوراپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، امن، سرحدی حفاظت کے لیے ہم نےاپنے ارادے، صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
اس قبل اسد عمر کا کہنا تھا کہ امید ہے ہوش مند بھارتی جنونی، مودی کا دیوانہ پن سمجھنے کی کوشش کریں گے، مودی کے جنون نے 2 جوہری ممالک کو جنگ کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے، جنگ کی خواہش کوئی ذی ہوش انسان نہیں کر سکتا۔
خیال رہے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی برقرار ہے ، پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے تھے اور ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرلیا تھا۔
اس سے قبل بھارتی طیاروں نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دراندازی کی تھی تاہم پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن نے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔