ریاض : سعودی عرب نے عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے بیٹے کی شہریت منسوخ کردی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے حمزہ بن لادن کی سعودی شہریت منسوخ کرنے کا فیصلہ گزشتہ برس 29 نومبر کو کیا گیا تھا تاہم اس کا سرکاری سطح اعلان امریکا کی جانب سے اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ کی معلومات فراہم کرنے والے کو دس لاکھ امریکی ڈالر دینے کے اعلان کے بعد کیا گیا۔
عرب نیوز کا کہنا ہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے شاہی محل سے جاری ہونے والے فرمان کی منظوری دیتے ہوئے حمزہ بن اسامہ کا نام قانونی طور پر ریکارڈ سے حذف کردیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کے بارے میں معلومات دینے والے کو 10 لاکھ ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی دفتر خارجہ کے مطابق حمزہ بن لادن اسلامی عسکریت پسند گروہ کے اہم رہنما کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
امریکی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ حمزہ بن لادن نے سنہ 2015 میں اپنے والد کی موت کا بدلہ لینے کے لیے آڈیو اور ویڈیو پیغامات بھی جاری کیے تھے جس میں انہوں نے امریکا اور اس کے حامی مغربی ممالک پر حملہ کرنے کے لیے کہا ہے۔
مزید پڑھیں : امریکا کا اسامہ بن لادن کے بیٹے کی معلومات فراہم کرنے پر 10 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان
واضح رہے کہ امریکا پہلے ہی حمزہ بن لادن کو سرکاری طور پر عالمی دہشت گرد قرار دے چکا ہے۔
خیال رہے کہ اسامہ بن لادن کو امریکی اہلکاروں نے خفیہ آپریشن کے ذریعے 2011 میں قتل کردیا تھا۔