اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پاک بھارت کشیدگی سے متعلق کہنا ہے کہ جنگ کے خلاف بھارت سے بھی آوازیں اُٹھ رہی ہیں، بھارت میں چھوٹا طبقہ سیاسی عزائم کی خاطر خطے کو جنگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن کا راستہ چاہتا ہے، بھارت سے بھی امن کی حمایت میں آوازیں اُٹھ رہی ہیں، کشیدگی کم کرنے کی جانب بڑھنا چاہیے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اب پوری دنیا میں اجاگر ہوگیا ہے، خطے میں امن کےلیے مسئلہ کشمیر کا حل لازم ہے، تمام ممالک مذاکرات سے معاملہ حل کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ تاخیر کا شکار ہوگیا ہے، عادل الجبیر معاملات سلجھانے میں مدد دینا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں : او آئی سی قرارداد نے کشمیر پر پاکستان کے موقف کی توثیق کی ہے‘ شاہ محمود قریشی
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ او آئی سی کی قرارداد میں کشمیر پرپاکستان کے موقف کی توثیق کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی کی قرارداد میں کشمیر کو خطے کے امن کے لیے کلیدی قرار دیا گیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کی مذمت کی گئی ہے۔
The OIC resolution has endorsed Pakistan’s stance on Kashmir calling it central to regional peace and has condemned Indian terrorism in Kashmir. The OIC, recognising Pakistan’s right to self defence, denounced Indian aggression. I congratulate the nation on this success.
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) March 2, 2019
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی نے بھارتی جارحیت کی مذمت اور پاکستان کے حق دفاع کو تسلیم کیا، پاکستانی قوم کو اس کامیابی پرمبارکباد دیتا ہوں۔