لاہور: صوبہ پنجاب کے نئے وزیر اطلاعات صمصام بخاری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، انہیں گزشتہ روز فیاض الحسن چوہان کے مستعفی ہونے کے بعد صوبے کا نیا وزیر اطلاعات نامزد کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے نئے وزیر اطلاعات صمصام بخاری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد کی گئی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نئے وزیر اطلاعات سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار و دیگر صوبائی حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔
ضلع اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے صمصام بخاری نے گورنمنٹ کالج لاہور سے انگریزی ادب میں ماسٹرز کیا ہے۔ انہوں نے سنہ 2002 سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا جب آزاد امیدوار کی حیثیت سے انہوں نے اپنا پہلا الیکشن لڑا لیکن شکست کھائی۔
سنہ 2008 میں انہوں نے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور فتحیاب ہونے کے بعد کچھ عرصہ کے لیے وزیر مملکت برائے اطلاعات بھی رہے۔
سنہ 2015 میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ سنہ 2018 کے عام انتخابات میں انہیں شکست سے دوچار ہونا پڑا تاہم ضمنی انتخابات کے لیے پارٹی نے دوبارہ انہیں ٹکٹ دیا، اس بار وہ الیکشن جیت کر رکن صوبائی اسمبلی بنے۔
فیاض الحسن چوہان کا استعفیٰ
خیال رہے کہ اقلیتی برادری سے متعلق متنازعہ بیان دینے پر گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حکم پر سابق صوبائی وزیر اطلاعات فیاض چوہان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔
فیاض چوہان نے ہندو برادری سے متعلق اپنے بیان پر معذرت بھی کی تھی اور کہا تھا کہ میرا مخاطب بھارتی وزیر اعظم، بھارتی فوج اور بھارتی میڈیا تھا، پاکستان میں ہندو اقلیت نہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں ہندوؤں کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت خواہ ہوں۔
تاہم وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ان کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس نوعیت کا کوئی بھی بیان قابل قبول نہیں، کسی بھی مذہب کی دل آزاری قبول نہیں ہوگی۔
وزیر اعظم نے تمام وفاقی اور صوبائی وزرا کو ایسے معاملات پر محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی جبکہ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو فیاض الحسن کے خلاف فوری ایکشن لینے کا حکم بھی دیا تھا۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے فیاض چوہان کو استعفیٰ دینے کی ہدایت کردی تھی جس کے بعد سابق وزیر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب فیاض چوہان کا کوئی بیان تنازعے کا سبب بنا، ابتدا ہی سے اپنے بیانات کے باعث تنازعات کا شکار رہنے والے فیاض چوہان کو کچھ عرصہ قبل بھی ایک اداکارہ سے متعلق اپنے غیر محتاط بیان پر معافی مانگنی پڑی تھی۔