کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں صحت اور تعلیم پر انتہائی کم خرچ کیا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میئرکراچی وسیم اختر نے فیڈرل بی ایریا میں کراچی انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی کا افتتاح کردیا۔
وسیم اختر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہو رہی ہے انتہائی کم وسائل کے باوجود کڈنی سینٹر بنایا، پاکستان میں صحت اور تعلیم پر انتہائی کم خرچ کیا جاتا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ اچھے اسپتال اورسہولتیں دی جائیں تونچلے درجے کی کرپشن ختم ہوجائے، جو لوگ بڑی کرپشن کررہے ہیں ان کے لیے نیب کام کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امیر طیارےمیں بیٹھ کر لندن امریکا جا کر علاج کرا لیتا ہے، عام آدمی ٹرینوں میں دھکے کھا رہا ہے، وزیراعظم کے لیے ٹرین میں وی وی آئی پی ڈبہ بنایا جا رہا ہے۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ غریب شہری نہ اپنا علاج کروا سکتا ہے نہ معیاری تعلیم حاصل کر سکتا ہے۔
گردوں کے امراض سے بچاؤ کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج گردوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ دنیا بھر میں اس وقت 85 کروڑ افراد گردوں کے مختلف امراض کا شکار ہیں۔
گردوں کا عالمی دن منانے کا مقصد گردوں کے امراض اور ان کی حفاظت سے متعلق آگہی وشعور پیدا کرنا ہے۔ یہ دن ہر سال مارچ کی دوسری جمعرات کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ رواں برس یہ دن ’گردوں کی صحت، ہر جگہ سب کے لیے‘ کے عنوان سے منایا جارہا ہے۔