اسلام آباد : متحدہ عرب امارات سے شاہی مہمان شیخ احمد المکتوم وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے، وفد نے وفاقی وزیرآبی وسائل فیصل واوڈاسے ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ممکنہ بڑی سرمایہ کاری کے لئے شاہی مہمان کی پاکستان آمد، شیخ احمد المکتوم وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے سے اسلام آباد پہنچ گئے، پاکستانی حکام نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران آبی منصوبہ بندی، توانائی اور پٹرولیم سے متعلق معاملات پر بات چیت ہوگی۔
شیخ احمدالمکتوم نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا سےملاقات کی، ملاقات میں ڈیموں کی تعمیر، پن بجلی منصوبوں سمیت دیگرشعبوں میں تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ
اماراتی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بریفنگ دی گئی۔
فیصل واوڈا نے اماراتی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا متحدہ عرب امارات سےپاکستان کےتاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئےبہترین وقت ہے، سرمایہ کاروں کوون ونڈوسروسزفراہم کی جارہی ہیں۔
ملاقات میں وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
شیخ احمد المکتوم کی وفد کے ہمراہ دیگر وفاقی وزراء سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں اور اہم پیش رفت کا امکان ہے۔
خیال رہے 14 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان نے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کیا تھا ، جس کے تحت پہلے مرحلے میں 5 ممالک کے شہریوں کو ای ویزا ملیں گے، جن میں برطانیہ، چین، ترکی، ملائیشیا اور یواے ای کے شہریوں کو سہولت میسر ہوگی۔
مزید پڑھیں : یو اے ای سے مزید ایک ارب ڈالر کی قسط موصول
یاد رہے جنوری کے آخر میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم نے ملاقات کی تھی ، جس میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی تھی، زیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ، بینکنگ، ریئل اسٹیٹ سیکٹرز ، تیل و گیس، توانائی، تعلیم، اور صحت کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
واضح رہے پاکستان اور برادر اسلامی ملک یواے ای میں 3 ارب ڈالرکے قرض کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت 2 ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہوچکے ہیں۔