اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور اور سینیٹر علی محمد خان نے کہا ہے کہ عافیہ صدیقی سے متعلق قوم کو جلد خوش خبری سننے کو مل سکتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو جلد خوش خبری سننے کو ملے گی۔
قبل ازیں پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی مخصوص نشست پر نامزد رکن اسمبلی سیمابیہ طاہر نے ایوان میں قرار داد جمع کرائی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عافیہ صدیقی کو ’دختر پاکستان‘ کا خطاب دیا جائے اور اُن کی رہائی کے لیے سفارتی سطح پر بھرپور اقدامات کیے جائیں۔
مزید پڑھیں: ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو “دخترپاکستان ” کا خطاب دیا جائے ، وزیراعظم سے مطالبہ
خیال رہے حکومت پاکستان نے امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی کی رہائی اور اور انہیں وطن واپس لانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ اس ضمن میں غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ طالبان نے امریکا کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں قیدیوں کی رہائی کے لیے فہرست دی جس میں عافیہ صدیقی کا نام بھی شامل ہے۔
یاد رہے اس سے قبل خواتین کے عالمی دن کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے منسوب کرنے کی قرارداد جمع کرائی گئی تھی، جس کے متن میں کہا گیا تھا 8 مارچ کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے صبرو استقلال اور عظمت کو سلام کرتے ہوئے انہی کے نام سے منسوب کیا جائے اور اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تمام بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی جائے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی میں کردار ادا کرے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم ایک اور دیرینہ مسئلہ حل کرانے کے قریب، عافیہ کی رہائی کے لیے کوششیں تیز
علی محمد خان کا مزیند کہنا تھا کہ نوازشریف کا معاملہ اُن کے اور نیب کے درمیان ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں علاج کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور ہم سہولیات بھی فراہم کریں گے۔