کراچی: شہرقائد کے علاقے طارق روڈ پر رینجرز سے مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جبکہ ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ طارق روڈ اللہ والی چورنگی پر رینجرز موبائل تعینات تھی، جس پر تعینات اہلکاروں نے ڈاکوؤں کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن وہ نہ رکے۔
موٹرسائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کردی، ڈاکوؤں کی گولی لگنے سے رینجرز اہلکار محمدطارق زخمی ہوا، جبکہ جوابی فائرنگ میں ملزم احسان شدید زخمی اور اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شہری رب نواز جاں بحق اور توقیرنامی شہری زخمی ہوگیا، زخمی شہری کو اسپتال سے ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق جائے وقوعہ سے موٹرسائیکل، پستول اور چھینے گئے چار موبائل برآمد ہوئے۔
برآمد کی گئی موٹرسائیکل بہادر آباد کے علاقہ سے سنہ دوہزار اٹھارہ میں چھینی گئی تھی، ابتدائی تفتیش کے مطابق زخمی ملزم برطرف پولیس اہلکار ہے، جس کے قبضے سے ملنے والا پولیس کارڈ جعلی ہے۔
کراچی: شرافی گوٹھ کے قریب پولیس مقابلہ‘ 2 ملزمان گرفتار
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں شہر قائد کے علاقے شرافی گوٹھ کے قریب پولیس نے مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا تھا۔