کراچی: آصف زرداری کی نیب میں پیشی سے قبل ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کی کوشش نا کام بنا کر پانچ ملزمان گرفتار کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے ایچ اینڈ ایچ کمپنی کے دفاتر پر چھاپے مار کر 2 کروڑ 60 لاکھ روپے کی منی لانڈرنگ کی کوشش نا کام بنا دی۔
پکڑی گئی رقم میں ایک کروڑ 96 لاکھ روپے پاکستانی کرنسی، جب کہ 64 لاکھ روپے غیر ملکی کرنسی شامل تھی۔ ایچ اینڈ ایچ کمپنی کے خلاف جے آئی ٹی میں منی لانڈرنگ کی تحقیقات بھی چل رہی ہیں۔
کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی کے منیجر اور ایجنٹ سمیت 5 ملزمان گرفتار کیے گئے، یہ کارروائیاں صدر اور آئی آئی چندریگر روڈ پر کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری اور فریال تالپور کی 10دن کی حفاظتی ضمانت منظور
دریں اثنا، ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی کے خلاف سکھر میں بھی کارروائی کی، جس میں یوسف سینٹر شاہی بازار سے ایک شخص محمد یاسر کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ اس کا باپ محمد سلیم فرار ہو گیا۔
گرفتار ملزم سے 21 لاکھ پاکستانی کرنسی اور ساڑھے 7 لاکھ کے پرائز بانڈز، اور 35 لاکھ روپے سے زائد مختلف ممالک کی کرنسی برآمد کی گئی۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کرائم سرکل سکھر میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، ملزمان غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک رقم بھجواتے تھے۔