اسلام آباد: آج وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا.
اجلاس میں خیبر پختونخوا میں پانی کے مسائل اور نئے ڈیم کی تعمیرکا معاملہ زیر بحث آیا، اجلاس وزیر اعظم آفس میں ہوا، جس میں صوبائی اور وفاقی محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے.
اس اجلاس میں داسو ڈیم کی تعمیر کے لئے دستیاب وسائل پر تبادلہ خیال ہوا. صوبے میں پانی کی کمی پرقابو پانے کے لئے ہنگامی اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا.
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے فراہمی آب فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومت پانی کامسئلہ حل کرنےمیں سنجیدہ ہے، صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے.
فیصل واوڈا نے کہا کہ سندھ میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے جامع فریم ورک پرکام جاری ہے، چھوٹے بڑے نئے ڈیمز کی تعمیر کے لئے وسائل کا جائزہ لے رہے ہیں.
مزید پڑھیں: فیصل واوڈا کا حلقے کے عوام کو ذاتی وسائل سے سہولیات فراہم کرنے کا بڑا اعلان
وفاقی وزیر نے کہا کہ بڑے منصوبوں کے لئے ملکی وغیرملکی اداروں سے رابطہ کر رہے ہیں، پانی بحران ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کی حکمت عملی بنائیں گے.
یاد رہے کہ 9 مارچ 2019 کو وفاقی وزیرفیصل واوڈا نے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو خط لکھا، جس میں حلقے کے عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے ذاتی تعاون کی پیش کش کی تھی۔