ٹوبہ ٹیک سنگھ: پنجاب کی ایک تحصیل کمالیہ میں سسرالیوں کے ظلم کی شکار 22 سالہ سعدیہ 10 روز تک موت سے لڑتے لڑتے جان کی بازی ہار گئی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہر کمالیہ میں بائیس سالہ سعدیہ پر سسرالیوں نے تشدد کر کے شدید زخمی کر دیا تھا، جس کے باعث وہ آج جان کی بازی ہار گئی ہے۔
سعدیہ کو دس دن قبل اس کے شوہر، دیور اور نند نے پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
کمالیہ کے محلہ بہلول والا کی سعدیہ کا جسم 70 فی صد تک جھلس گیا تھا، جسے تشویش ناک حالت میں الائیڈ اسپتال کے برن یونٹ منتقل کیا گیا، تاہم دس روز تک سعدیہ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور : سسرالیوں نے بہو کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، شوہر گرفتار، مقمہ درج
لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی آنکھوں کے سامنے ان کی بیٹی پر اس کے خاوند علی عمران نے اپنے اہل خانہ کے ہم راہ پٹرول چھڑک آگ لگائی۔
یاد رہے کہ چھ دن قبل بھی لاہور میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو تیل چھڑک کر جلا دیا تھا، 35 سالہ نسرین کی تین ماہ قبل شہزاد سے شادی ہوئی تھی، گھر میں اکثر جھگڑا رہتا تھا، نسرین کو اس کے شوہر، دیور اور ساس نے آگ لگائی۔